لاہور: وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی فہرست سے انشا اللہ جلد نکل جائیں گے، حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں، میڈیا مثبت کردار ادا کرے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابا گرو نانک یونیورسٹی سے متعلق لوگوں کا خیال تھا کہ یہ نہیں بنے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد وزیراعظم نے رکھ دیا، تعمیراتی کام بھی شروع ہوگیا، بابا گرو نانک یونیورسٹی کا کام 3 سال میں مکمل ہو جائے گا۔
بھارتی آرمی چیف کے بیان پر اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ کوئی پاکستان کومیلی آنکھ سے دیکھے گا تو دونوں آنکھیں پھوڑ دیں گے، بھارتی آرمی چیف کی دھمکیاں” جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں”کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا 80 فیصد پیسہ قرضوں کے سود کی ادائیگی میں جا رہا ہے، پچھلی حکومت نے ڈالر کو مصنوعی سہارا دیا ہوا تھا، ایف اے ٹی ایف کی فہرست سے انشااللہ جلد نکل جائیں گے۔
اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری معیشت پہلے آئی سی یو میں تھی اب باہر آگئی ہے، ہماری معیشت بہت جلد اپنے پاؤں پر کھڑی ہو جائے گی، حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، میڈیا مثبت کردار ادا کرے۔