کراچی: وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ملاقات میں آئی جی سندھ کی تبدیلی سے متعلق اتفاق کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی ملاقات میں موجود تھے۔
مراد علی شاہ نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال اور آئی جی سندھ کلیم امام سے متعلق سندھ کابینہ کے فیصلوں اور تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ نے بھی آئی جی سندھ کو تبدیل کرنے کے مطالبے کی حمایت کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے سندھ میں آئی جی پولیس تبدیل کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپ کے نام مل گئے، کابینہ سے مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا، آئی جی سندھ کے لیے زیر غور افسران میں سے کسی ایک کو تعینات کر دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی بات تحمل سے سنی، ملاقات خوشگوار موڈ میں ہوئی۔
سندھ حکومت نے آئی جی کلیم امام کی جگہ وفاق کو 3 نام تجویز کر دیے
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ حکومت نے آئی جی کلیم امام کی جگہ وفاق کو 3 نام تجویز کیے تھے۔ سندھ حکومت نے مطالبہ کیا تھا کہ کلیم امام کو ہٹایا جائے اور صوبے میں نیا آئی جی تعینات کیا جائے۔