کراچی : آئی جی سندھ کلیم امام نے کہا ہے کہ میرا تبادلہ اتنی آسانی سے ہونے والا نہیں ہے، میرےخلاف سازش ہوئی ہے، جب جاؤں گا تو اپنے مقدر سے جاؤں گا۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، آئی جی سندھ سیدکلیم امام نے اپنے تبادلے کی خبر کی تردید کردی، ان کا کہنا ہے کہ ہم تمام پولیس افسران قانون کے تحت کام کرتے ہیں، قانون نافذ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو راہ میں رکاوٹیں بھی پیش آتی ہیں.
سی پی او کراچی میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کلیم امام نے کہا کہ میرا تبادلہ اتنی آسانی سے ہونے والا نہیں ہے، جاؤں گا تو اپنے مقدر سے جاؤں گا اور کسی بڑی جگہ یا نئے مراحل پر جاؤں گا.
انہوں نے کہا کہ میرےخلاف شدید قسم کی، سازش ہوئی ہے، یہ افتتاحی تقریب تھی جسے سازش کے تحت میری الوداعی پارٹی سے منسوب کردیا گیا، سندھ پولیس والےشاید میری الوداعی پارٹی کے پیسے بچانا چاہ رہے ہیں، اگرمیرا تبادلہ ہو بھی گیا تو بھی ہاتھی سوا لاکھ کا ہی رہوں گا۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ہم نے جتنا کام بھی کیا یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، مجھ سے پہلے بھی بہت اچھے آئی جی رہے ہیں، یہاں جتنے پولیس افسران بیٹھے ہیں سب غازی ہیں، اپنی سروس میں ایسے دن بھی دیکھے جب کلمہ پڑھ لیا تھا کہ آج آخری دن ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جواب تک کلیم امام ہی آئی جی سندھ رہیں گے،عدالت
اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے شہدا کو یاد رکھتے ہوئے قانون پر عملدرآمد کرانا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم رولز اور ریگولیشن کے تحت کام کرتے ہیں، یہ ذمہ داری آپ پر آتی ہے کہ چیزیں آپ نے ٹھیک کرنی ہیں، مشکلات آئیں گی مگر گھبرانا نہیں۔