ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سلو اوور ریٹ پر بھارتی ٹیم کو جرمانہ کر دیا گیا۔
ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں بھارتی ٹیم نے مقررہ وقت میں دو اوورز کم کیے، الاؤنس کے باوجود بھارتی ٹیم 20 اوورز مکمل نہ کر سکی جس پر اسے جرمانہ کیا گیا۔
میچ ریفری کرس بروڈ نے ویرات کوہلی کی ٹیم پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کیا،آئی سی سی ضابطہ کار کے تحت مقررہ وقت میں اوور مکمل نہ کرنے پر بولنگ سائیڈ کے کھلاڑیوں کو جرمانہ کیا جاتا ہے۔
کوڈ آف کنڈٹ کے تحت بولنگ ٹیم کے کپتان سمیت ہر کھلاڑی کو مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرنے پر میچ فیس کی 20 فیصد کٹوتی کی جاتی ہے جب کہ بھارتی ٹیم نے میچ میں دو اوورز کم کیے جس پر 40 فیصد جرمانہ کیا گیا۔
بھارتی کپتان نے میچ ریفری کی جانب سے کیا گیا 40 فیصد میچ فیس کے جرمنے کو قبول کیا ہے۔
واضح رہے کہ سیریز میں مسلسل دوسرا میچ ٹائی ہوا تھا اور بھارت نے ایک بار پھر سپر اوور میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 4-0 کی واضح برتری حاصل کر رکھی ہے۔