لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اتحادیوں سے خطرہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم اتحادی ہونے کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے ساتھی بھی ہیں، ہم ساتھ نبھانا خوب جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی، طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی کے بیانات حب الوطنی ہیں، اتحادی ہمیشہ اتحاد اور مساوات پر یقین رکھتے ہیں، ہم پاکستان تحریک انصاف کو اپنا ساتھی سمجھتے ہیں۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بھی چاہیے ہمیں اپنا ساتھی سمجھے، ہمارے بیانات کا بعض دوست غلط مطلب نکالتے ہیں،عمران خان کو کلپ دکھا کر اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، عمران خان کو اتحادیوں سے خطرہ نہیں اپنے لوگوں سے ہے۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ایک چیز یاد رکھیں ن لیگ کا ووٹ بینک نوازشریف کا ہے، شہبازشریف نوازشریف کے سامنے زیرو ہیں۔
ہم سے کیے گئے وعدے پورے ہونے چاہئیں، پرویز الہیٰ
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ہم سے کیے گئے وعدے پورے ہونے چاہئیں، چاہتے ہیں حکومت چلے اور اپنی مدت پوری کرے۔