جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

پاکستان اور ملائیشیا کی حکمران جماعتوں کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز

اشتہار

حیرت انگیز

پترا جایا: وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ ملائیشیا کے دوران اہم پیشرفت ہوئی، پاکستان اور ملائیشیا کی حکمران جماعتوں کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کے دورہ ملائیشیا کے دوران اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پاکستان تحریک انصاف اور ملائیشیا کی حکمران جماعت کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

معاہدے کے تحت پاکستان اور ملائیشین حکمران جماعتیں اعلیٰ ترین سطح پر روابط کے مستقل قیام پر متفق ہوگئیں، معاہدے میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کے مابین اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

معاہدے کے مطابق دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون و اشتراک آگے بڑھایا جائے گا، سماجی سطح پر علوم و تجربات کے تبادلے کے لیے بھی مشترکہ اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں جماعتوں کے درمیان مشترکہ پروگرامز کے اہتمام پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا۔

معاہدہ وزیر اعظم عمران خان اور مہاتیر محمد کی موجودگی میں ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بطور وائس چیئرمین تحریک انصاف معاہدے پر دستخط کیے جبکہ ملائیشین ڈپٹی وزیر خارجہ اور ملائیشین حکمراں جماعت، ملائیشین یونائیٹڈ انڈیجینس کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مرزوکی یحییٰ نے معاہدے پر دستخط کیے۔

وزیر اعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کی جانب سے پاکستان اور ملائشیا کی حکمران جماعتوں کے مابین معاہدے پر نہایت مسرت و اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ دونوں جماعتوں کے درمیان تعاون و اشتراک کے حوالے سے گرمجوشی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ملائیشیا میں ہیں جہاں ان کی ملاقات ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ہوئی۔

اس دوران پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ، مذاکرات میں تجارت، معیشت اور سیاحت کے شعبوں کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا جبکہ دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی بات ہوئی۔

اہم ترین

عبدالقادر
عبدالقادر
عبدالقادر پچھلے 8برس سے اے آر وائی نیوز میں بطور سینئر رپورٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، آپ وزیراعظم عمران خان اور حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے جڑی خبروں اور سیاسی معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں