جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

ترک صدر اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے: دفتر خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردگان اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے، پاکستان جموں و کشمیر کا کیس دنیا کے تمام فورمز پر لے گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اقدام اٹھائے ہیں، 186 دن سے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ہے۔ کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے بھی محروم رکھا ہوا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا میں سب سے بڑا ملٹری زون بن چکا ہے، گزشتہ روز کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں 6 ماہ پہلے اسی دن 5 اگست کو کرفیو نافذ کیا گیا۔ پاکستان جموں و کشمیر کا کیس دنیا کے تمام فورمز پر لے گیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے کل بھارتی مظالم اور قبضے کی مذمت کی، وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے آئین اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ پاکستان بارہا بھارت سے سیز فائر پر بات کر چکا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ملائیشیا گئے تھے، وزیر اعظم عمران خان اور مہاتیر محمد میں ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں میں اسٹریٹجی پارٹنر شپ پر بات چیت ہوئی۔ دورہ ملائیشیا پر بھی دونوں ممالک نے کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی۔

انہوں نے بتایا کہ ترک صدر رجب طیب اردگان اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے، ترکی سے ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان اور ترکی میں دہری شہریت کے معاملے پر بات چیت ہو رہی ہے۔ جیسے ہی کسی نتیجے پر پہنچتے ہیں تو تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، ترک صدر کے دورہ پاکستان سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ قونصلرز سروسز پر بہت توجہ دی جارہی ہیں، کوشش ہے ویزہ حصول میں عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کوشش کر رہے ہیں کسی بھی ملک پاکستانیوں کے جانے کے لیے آسانی پیدا کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس پر چین میں پاکستانی سفارتخانہ شہریوں سے رابطے میں ہے، تازہ صورتحال سے آگاہ ہیں اور حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ چینی حکومت نے وائرس سے نمٹنے کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں