لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کو شاپنگ بیگز میں اشیاخورد نوش فروخت کرنے پر پابندی لگادی اور 15 روز میں عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی کی درخواست پر سماعت کی، جسٹس شاہد کریم نے سلمان خان نیازی ایڈووکیٹ کی درخواست پر حکم جاری کیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کو شاپنگ بیگز میں اشیاخورد نوش فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی، جسٹس شاہد کریم نے کہا تمام ڈیپارٹمنٹل اسٹورز شاپنگ بیگز کا استعمال نہ کریں ، شاپنگ بیگز کے استعمال سے آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے 15 روز میں عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی ہے۔
درخواست گزار نے کہا تھا پنجاب حکومت نے پلاسٹک بیگ کی بندش کے خلاف کوئی اقدامات نہیں کیے , استدعا ہے کہ عدالت پولیتھین بیگ پر پابندی کا حکم جاری کرے اور حکومت کو اس حوالے سے قانون سازی کا پابند کرے۔
مزید پڑھیں : شاپنگ بیگزپرپابندی، ہائی کورٹ نے حکومت سے قانون کا مسودہ طلب کرلیا
یاد رہے سماعت میں درخواست گزار سلمان نیازی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا تھا کہ شاپنگ بیگز کی وجہ سے لوگ یرقان، کینسر ودیگر بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ پلاسٹک کے شاپنگ بیگ انتہائی مضر صحت ہیں جبکہ پلاسٹک سے بنے کپ اور سٹراز بھی انسانی صحت کے لیے خطرناک ہیں اس لیے عدالت اس پر پابندی کا حکم دے
عدالت نے قرار دیا تھا کہ چند لاکھ لوگوں کے روزگار کی وجہ سے کروڑوں افراد کی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالا جاسکتا، تاہم حکومت کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ پابندی سے متاثر افراد کا ازالہ کیسے کیا جائے۔