دبئی: پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈ میں شرکت کے لیے شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات متحدہ عرب امارات کی ریاست پہنچ چکی ہیں۔
جمعے کے روز انٹرنیٹ پر ایک دلچسپ ویڈیو وائرل ہوئی جس میں اداکار شہریار منور، بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور اداکارہ میرا موجود تھیں۔
یہ ویڈیو تینوں اداکاروں کی دوستی کی عکاسی کرتی ہے۔
یاد رہے کہ میرا نے چند روز قبل بالی ووڈ فلم رئیس کی اداکارہ ماہرہ خان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ماہرہ خان نے میرا کو دیکھتے ہی بولا کہ ’دوستی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جب میں آپ سے ناراض ہوں، کیونکہ آپ نے میرے بارے میں کچھ کہا تھا‘۔
اداکارہ میرا نے ماہرہ کی یہ بات سُنی تو کہا کہ ’ماہرہ میرا یقین کریں کہ میں نے کبھی آپ کے بارے میں کچھ بھی نہیں بولا‘۔
یاد رہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے کی اردو سروس کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ میرا نے کہا تھا کہ ’ماہرہ خان باصلاحیت اداکارہ نہیں، میں اُس سے زیادہ باصلاحیت ہوں‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال سے ماہرہ کو شوبز انڈسٹری میں ضرور سے زیادہ توجہ مل گئی، جس کی وجہ سے میرے ساتھ ٹی وی اور فلم میں ناانصافی ہوئی اور میرا استحصال بھی کیا گیا‘۔