جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

بنگلادیش نے بھارت کو ہرا کر انڈر19 ورلڈکپ جیت لیا

اشتہار

حیرت انگیز

جوہانسبرگ: بنگلادیش نے بھارت کو ہرا کر آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ جیت لیا۔

بنگلادیش پہلی بار انڈر 19 ورلڈکپ کا چیمپئن بن گیا، فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر بنگال ٹائیگرز نے اپنی حکمرانی قائم کر لی۔

فیصلہ کن معرکے میں بنگلادیش نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت بھارت کو ہرایا، بنگلادیش کو 46 اوورز میں 170 رنز کا ہدف ملا جو اس نے کپتان اکبر علی کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت 7 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔

- Advertisement -

جنوبی افریقا کے شہر پوچی فیسٹروم میں کھیلے جارہے ہیں ایونٹ کے فائنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 177 رنز بنائے اور اس کی پوری ٹیم 48 اوور میں پویلین لوٹ گئی۔

بنگلادیشی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے مضبوط بھارتی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، اوپنر جیسوال کے سوال کوئی بیٹسمین بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔

جیسوال نے 88 رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے جب کہ ورما 38 اور جوریل نے 22 رنز بنائے، بھارتی ٹیم کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

بنگلادیش کی جانب سے اویش ڈاسک نے سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شریف الاسلام اور تنظیم حسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی اوپنرز نے 50 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا تاہم پہلی وکٹ گرنے کے بعد لائن لگ گئی اور صرف 85 کے مجموعے پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، جس کے بعد کپتان اکبر علی نے ٹیم کو سنبھالا اور اینڈ پر جم گئے.

بنگلادیش کی چھٹی وکٹ 102 اور ساتویں وکٹ 143 رنز پر گری تاہم کپتان مرد میدان کی طرح ڈٹے رہے اور ٹیل اینڈرز کے ساتھ اسکور کو ہدف کے قریب لے گئے.

اس دوران بارش ہوگئی اور ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت بنگلادیش نے 3 وکٹوں سے میدان مار لیا.

 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں