کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پریوینشن آف بلائنڈ نیس (POB) ٹرسٹ اسپتال آنکھوں کا اچھا اسپتال ہے، سیلیکٹرز کو بھی یہاں سے اپنی آنکھوں کا معائنہ کرانا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہون نے پریوینشن آف بلائنڈ ٹرسٹ (پی او بی) کے زیر اہتمام سفید موتیا کے مفت آپریشن کیمپ کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر پی او بی چئیرمین ڈاکٹر مصباح العزیز، ڈاکٹر شایان شادمانی اور شارق جعفری بھی موجود تھے۔
ہفتہ وار منعقد ہونے والے کیمپ میں رواں ہفتے سفید موتیا کے 300 مریضوں کی فہرست مرتب کی گئی تھی جن کا اتوار کے روز مفت آپریشن کیا گیا، آپریشن کے بعد پی او بی ہسپتال کی جانب سے مریضوں کو ادویات بھی مہیا کی گئیں۔
سابق کرکٹر معین کا کہنا تھا کہ فواد عالم بار بار اچھی کارکردگی دکھا کر سلیکٹرز کو بتا رہے ہیں کہ مجھے چانس دو، فواد عالم ایسی عمر میں ہے کہ اسے موقع ملنا چاہیے، وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی بھرپور کارکردگی دکھا چکے ہیں، فواد عالم کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، وہ بھی اس ملک کے کھلاڑی ہیں۔
معین خان نے سیلیکٹرز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ پی او بی آنکھوں کا اچھا اسپتال ہے، سیلیکٹرز کو اپنی آنکھوں کا معائنہ یہاں سے کرانا چاہیے، میرٹ کو آگے نہ لاکر ہماری ساکھ خراب ہو رہی ہے، ہماری کارکردگی متاثر ہورہی ہے۔