سلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے اپنے استعفے کی تردید کردی، انہوں نے کہا ہے کہ صرف طبیعت خرابی کی وجہ سے عارضی طور پر ذمہ داریاں نہیں سنبھال رہا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا ہے۔
شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ان کی طبیعت خراب ہے اور اس لیے وہ عارضی طور پر ذمہ داریاں نہیں سنبھال رہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ شبر زیدی نے کام جاری رکھنے سے معذرت کرلی ہے، ذرائع کی جانب سے کہا گیا تھا کہ شبر زیدی نے صحت کی خرابی کے باعث عہدہ چھوڑا اور اپنے فیصلے سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شبر زیدی کی غیر موجودگی میں ایف بی آر کی سینئر افسر نوشین جاوید احمد نے قائم مقام چیئرمین کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔
شبر زیدی پہلے ہی صحت کی خرابی کی وجہ سے تعطیلات پر تھے اور 21 جنوری کو تعطیلات سے واپس آئے تھے۔
خیال رہے کہ شبر زیدی نے 9 مئی 2019 کو چیئرمین ایف بی آر کا عہدہ سنبھالا تھا۔
شبر زیدی ممتاز ماہر معیشت کی حیثیت سے شناخت رکھتے ہیں، پیشے کے لحاظ سے وہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور کئی اہم فورمز پر پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
شبر زیدی ماضی میں نگراں سیٹ اپ میں سندھ کے وزیر خزانہ کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔