اسلام آباد : پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن عوامی مسائل کے حل کیلئے حکومت کے ساتھ چلنے کو تیار ہے، حکومت کو چاہیے کہ عوام کو مہنگائی سے نکالنے کیلئے تجاویز لائے۔
یہ بات انہوں نے آئی ایم ایف کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف وفد کی سینیٹ و قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے ملاقات ختم ہوگئی، ملاقات میں وفد نے اراکین کو دوسری سہ ماہی کی معاشی کارکرگی پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ غریب عوام کے مسائل ابھی تک ایجنڈا پر نہیں آئے، ہمیں معلوم ہے کہ ملکی معاشی صورتحال گھمبیر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف وفد سے مہنگائی پر بات چیت کی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی، معاشی کرائسز کو ٹھیک کرنا ہے، ہمارا کام یہ بھی ہے کہ غریب عوام کامقدمہ لڑیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ عوام کو مہنگائی سے نکالنے کیلئے تجاویز لائے، آئی ایم ایف نے مہنگائی کم کرنے کی تجاویز نہیں دینی۔
پی پی سینیٹر کا کہنا تھا کہ اہم میٹنگ تھی مگر بدقسمتی سے مشیراور سیکریٹری خزانہ نہیں تھے، اپوزیشن عوامی مسائل کے حل کیلئے حکومت کے ساتھ چلنے کو تیار ہے۔
چیئرمین خزانہ کمیٹی فیض اللہ کموکا نے کہا کہ آئی ایم ایف وفد کے ساتھ 5معاملات پر بات چیت ہوئی ہے، آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کوکھولنے کی ضرورت ہے،
؎ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف وفد نے کہا کہ مزید ایف ٹی اے کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف نے کہا کہ نئے ،چھوٹے درجے کے ایکسپورٹر کوبڑھانا چاہیے۔
فیض اللہ کموکا کا مزید کہنا تھا کہ وفد نے کاروبار کیلئے ماحول بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا، مذکرات مکمل ہونے پر اگلی قسط جلدی ہونے کی امید ہے، ٹیکس اہداف حاصل کرنا مشکل نظرآ رہا ہے۔