اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کی ضمانت کی مخالفت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں نارووال اسپورٹس کمپلیکس اسکینڈل کی سماعت ہوئی جس میں نیب نے احسن اقبال کی ضمانت کی مخالفت کر دی۔
قومی احتساب بیورو نے احسن اقبال کی ضمانت پر جواب ہائی کورٹ میں جمع کروا دیا، نیب نے جواب میں موقف اپنایا کہ احسن اقبال کی درخواست قابل سماعت نہیں، خارج کی جائے، احسن اقبال نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔
نیب کے مطابق درخواست گزار غیر معمولی حالات، یارڈشپ نہیں ثابت کرسکے۔ احسن اقبال کی ضمانت پر نیب کا جواب 2 صفحات پر مشتمل ہے۔
یاد رہے کہ 30 جنوری کو مسلم لیگ ن کے رہنما نے اسلام ہائی کورٹ میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ احسن اقبال نے کبھی نیب میں پیش ہونے سے انکار نہیں کیا۔
نیب نے احسن اقبال کو گرفتار کر لیا
واضح رہے کہ 23 دسمبر کو قومی احتساب بیورو ( نیب) نے سابق وزیر داخلہ و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال کو گرفتار کیا تھا۔