کراچی: پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے وزیراعظم عمران خان سے نیلی جرسی پہننے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں عالمی کرکٹ کے دروازے کھولے ہیں، وہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مثال ہیں۔
ڈین جونز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ملک کے لیے بے شمار خدمات ہیں، عمران خان کی کوششوں سے انٹرنیشنل کھلاڑی پاکستان میں کھیل رہے ہیں۔
ڈین جونز نے 1992 میں پاکستان کے واحد ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان عمران خان کو بڑا بولر قرار دیا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئی ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کراچی پہنچ گئے
دوسری جانب کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ اسکواڈ بہت شاندار ہے، ڈین جونز کی کوچنگ اور الیکس ہیلز کی شمولیت سے ٹیم اور بھی مضبوط ہوگئی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کراچی پہنچے تھے، ان کا کہنا تھا کہ مداح آئیں اور ٹیم کو سپورٹ کریں۔
ڈین جونز کا کہنا تھا کہ میں نیلی جرسی پہننے کے لیے بے قرار ہوں، آپ کے خوبصورت شہر کراچی آنے پر بہت خوش ہوں، شائقین کپتان عماد وسیم، بابر اعظم اور اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھائیں۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن فائیو کا آغاز 20 فروری سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم سے ہوگا، جبکہ ایونٹ کا فائنل میچ 22 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔