کراچی: پاکستان کے سابق اسٹار آل راؤنڈر عبدالرزاق نے پاکستان سپر لیگ کو انڈین پریمیئر لیگ سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم آئی پی ایل کے بیسٹ پلیئرز کی ٹیم کو شکست دیدے گی۔
کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے، یہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، ملک میں ہونے والے میچز سے ہمارے پلیئرز کو بہت فائدہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: عبدالرزاق نے دنیا کےنمبرون پیسر کو ’بے بی‘ بولر قرار دیدیا
سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ بھارت کے دورہ پاکستان کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے، اگر ایک بار بھارتی ٹیم پاکستان آگئی تو دیگر ٹیمیں انگلینڈ، جنوبی افریقا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بھی پاکستان ضرور آئیں گی، اگرچہ کے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکانات معدوم ہیں اگر وہ آجاتے ہیں تو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے نئے دروازے کھل جائیں گے۔
عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ اگر پی ایس ایل اور آئی پی ایل کا موازنہ کیا جائے تو پاکستان سپر لیگ کرکٹ اسٹینڈر کے لحاظ سے زیادہ بہتر ہے کیونکہ پی ایس ایل کی پچز کھلاڑیوں کے لیے اچھی ہیں جب کہ آئی پی ایل میں استعمال ہونے والی پچز ٹھیک سے تیار نہیں کی جاتیں، کبھی گیند بہت زیادت ٹرن ہونے لگتی ہے اور اور کبھی نیچے رہتی ہے جو کہ کھیل کے لیے اچھی بات نہیں، اس لیے دونوں لیگز کا موازنہ کیا جائے تو کرکٹ کے حساب سے پی ایس ایل زیادہ بہتر ہے۔