اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان مسئلے کے حل کے لئے پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا، خطے میں امن اور مفاہمتی عمل کے لئے پاکستان اپنی مثبت کوششیں جاری رکھے گا۔
یہ بات انہوں نے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے اہم ملاقات کی۔
شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ آمد پر زلمے خلیل زاد کا خیرمقدم کیا، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور افغان امن عمل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغان مسئلے کےحل کے لئے پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا، افغان امن ومفاہمتی عمل کےلئے پاکستان مثبت کوشش جاری رکھے گا، افغان مہاجرین کی مرحلہ وار واپسی، وسائل اور وقت کا تعین ہوگا۔
امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کی دیکھ بھال اور امن کی کوششوں کی تعریف کی۔،