لاہور: ناردرن نے میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو 9 رنز سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے ایچی سن کالج گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوینٹی میچ میں ایم سی سی کے کپتان کمار سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ناردرن نے مقررہ اوورز میں 152 رنز بنائے، 153 رنز ہدف کے تعاقب میں ایم سی سی کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بناسکی۔
ناردرن کے اوپنر علی عمران اور ذیشان ملک نے ٹیم کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا، علی عمران نے 43 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، سرمد بھٹی 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ایم سی سی کی جانب سے روی بوپارا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، رولوف اور عمران قیوم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
مزید پڑھیں: پاکستان شاہینز نے ایم سی سی کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
ہدف کے تعاقب میں ایم سی سی کی 4 وکٹیں 74 رنز پر گر گئی تھیں اس کے بعد سمٹ پٹیل اور روس ویٹلے کے درمیان 40 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی، سمت پٹیل کی 35 گیندوں پر 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی، روس ویٹلے 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ناردرن کی جانب سے منیر ریاض اور مبصر خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان شاہینز نے ایم سی سی کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، یاد رہے کہ تین روز قبل ایم سی سی الیون نے ٹی ٹوینٹی میچ میں لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔