کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں ایک بار پھر زہریلی گیس پھیلنے لگی، زہریلی گیس سے متاثرہ 10 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں ایک بار پھر زہریلی گیس شہریوں کو متاثر کرنے لگی، گزشتہ روز کے مقابلے میں زیادہ شدت سے گیس کا اخراج ہورہا ہے، گیس سے متاثرہ 10 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہورہا ہے، اسپتال لائے گئے 3 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زہریلی گیس سے متاثرہ ایک اور شخص دم توڑ گیا ہے جس کے بعد زہریلی گیس سے اموات کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں: کے پی ٹی کی حدود میں کوئی گیس لیکیج نہیں ہے، جمیل اختر
واضح رہے کہ چیئرمین کے پی ٹی جمیل اختر کا کہنا تھا کہ کے پی ٹی کی حدود میں کوئی گیس لیکیج نہیں ہے، تمام ٹرمینل کو چیک کیا ہے کہیں گیس کا اخراج نہیں ہے۔
یاد رہے کہ کیماڑی میں نجی اسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر فہیم نے کہا تھا کہ اسپتال میں 100 سے زائد متاثرہ افراد لائے گئے، زیادہ تر مریضوں کو سانس کی تکلیف تھی۔
ڈاکٹر فہیم کا کہنا تھا کہ سگریٹ پینے والے اور سانس کے مرض کے شکار افراد زیادہ متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ افراد میں سے کافی تعداد کو پیٹ درد کی شکایت بھی ہے، مریضوں کو علاج معالجے کی مفت سہولت دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لیبارٹری تجزیے کے لیے بھی مریضوں کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں، نتائج آنے پر معلوم ہو سکے گا کہ کون سی گیس جسم میں داخل ہوئی۔