ہیلسنکی : سنہ 1973 میں امریکا میں گم ہونے والی انگوٹھی 47 سال بعد فن لینڈ سے مل گئی، انگوٹھی ڈھونڈنے والے شخص نے اسے اصل مالکن کو لوٹا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی شہری نے 1973 میں اپنی محبوبہ کو ایک انگوٹھی بطور نشانی دی تھی جو کچھ ہی ماہ بعد ڈیبرا مکینا سے گم ہوگئی۔
47 قبل گم ہونے والی انگوٹھی رواں برس یورپی ملک فن لینڈ سے برآمد ہوئی اور جس شخص کو یہ انگوٹھی ملی اس نے فوری طور پر ڈیبرا مکینا سے رابطہ کرکے انہیں ان کی امانت لوٹا دی۔
میڈیا اداروں سے بات کرتے ہوئے 63 سالہ ڈیبرا نے بتایا کہ 47 سال قبل میں مورس ہائی اسکول میں زیر تعلیم اور اسی اسکول میرے محبوب شون کا بھی داخلہ ہوگیا اور انہوں نے مجھے نشانی کے طور پر ایک انگوٹھی دی جو ایک اسٹور پر مجھ سے گم ہوگئی۔
انگوٹھی گمنے کے بعد بھی شون نے برا نہیں مانا اور دونوں نے 1977 میں آپس میں شادی کرلی اور 2017 تک دونوں ساتھ رہے اور شون کی موت واقع ہوگئی۔
ڈیبرا نے بتایا کہ شون کی دی ہوئی امانت کو ہم دونوں ہی بھول چکے تھے لیکن 2020 میں فن لینڈ کے شہری مارکو نے مورس ہائی اسکول سے رابطہ کرکے بتایا کہ انہیں ایک انگوٹھی ملی ہے جس پر اسکول کا نام اور ایس ایم کے حروف کنندہ ہیں۔
مارکو نے ہائی اسکول سے رابطہ کرکے انگوٹھی سے متعلق بتایا تو اسکول انتظامیہ سمجھ گئی کہ ایس ایم کا مطلب شون مکینا ہے اور انہوں نے مجھے فون کرکے بتایا کہ تمہاری 47 سال قبل گمنے والی انگوٹھی مل گئی ہے۔
انگوٹھی دوبارہ ملنے کی خبر سن کر میری 47 سال پرانی یادیں دوبارہ تازہ ہوگئی اور میں اپنے شوہر کو یاد کرکے آبدیدہ ہوگئی جو 2017 میں مرچکے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس بات کا آج تک کسی کو علم نہیں ہوسکا کہ انگوٹھی امریکا سے فن لینڈ کیسے پہنچی۔