تازہ ترین

پاکستان کی واحد پولیو ٹیسٹ لیبارٹری کی اپ گریڈیشن مکمل

اسلام آباد: پاکستان کی واحد پولیو ٹیسٹ لیبارٹری کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی گئی، پولیو لیبارٹری کی اپ گریڈیشن جاپان کی حکومت کے تعاون سے کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت میں پولیو لیبارٹری کی اپ گریڈیشن کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں جاپانی سفیر متسودا کنینوری، صدر جائیکا ڈاکٹر کٹاؤکا شنیچی اور سربراہ عالمی ادارہ صحت پاکستان ڈاکٹر ماہی پلیتھا نے بھی شرکت کی۔

جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر کٹاؤکا شنیچی نے کہا کہ پولیو لیبارٹری کی اپ گریڈیشن پر 33 لاکھ ڈالر کے اخراجات ہوئے، لیبارٹری کو پولیو ٹیسٹ کے لیے جدید مشینری فراہم کر دی ہے۔

سربراہ نیشنل پولیو ایمرجنسی سینٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیبارٹری کی بہتری سے پولیو وائرس کے خاتمے میں بہتری آئے گی، لیبارٹری کی صلاحیت 30 ہزار پولیو ٹیسٹ سالانہ ہے، اس لیبارٹری میں پاکستان اور افغانستان کے پولیو نمونے ٹیسٹ ہوتے ہیں۔

جاپانی سفیر متسودا کنینوری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ لیبارٹری اپ گریڈیشن سے پولیو وائرس کی بہتر تشخیص ممکن ہوگی، جاپان انسداد پولیو کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا، ہم پاکستان کو انسداد پولیو کے لیے 229 ملین ڈالر امداد فراہم کر چکے ہیں۔

Comments

- Advertisement -