کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں 5 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش پر ایم پی اے راجہ اظہر واقعے کا مقدمہ درج کرانے تھانے پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ایم پی اے راجہ اظہر معصوم بچی کے اہل خانہ کی مدد کے لیے تھانے پہنچ گئے، کورنگی کے علاقے میں ایک پانچ سالہ بچی کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی گئی تھی، متاثرہ بچی کو واقعے کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
لیڈی ایم ایل او کی عدم موجودگی کے باعث میڈیکل رپورٹ مرتب نہیں کی جا سکی، جس کی وجہ سے واقعے کا مقدمہ بھی درج نہیں کیا جا سکا، بچی کے والد کا کہنا تھا کہ ذیشان نامی شخص نے ان کی بیٹی کو اغوا کیا کر کے زیادتی کی کوشش کی۔
قومی اسمبلی: بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سرعام سزائے موت دینے کی قرارداد منظور
واقعے کے خلاف راجہ اظہر ابراہیم حیدری تھانے پہنچے، انھوں نے کہا کہ وہ بچی کے اہل خانہ کو انصاف ملنے تک ان کے ساتھ کھڑے ہیں، کراچی میں زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات افسوس ناک ہیں۔ ایم پی اے کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سے پاس کردہ قانون پر عمل درآمد کا وقت آ چکا ہے، انسانی شکل میں چھپے حیوان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
یاد رہے کہ 7 فروری کو قومی اسمبلی میں بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سر عام سزائے موت دینے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی گئی تھی، جس کی مخالفت صرف پیپلز پارٹی نے کی۔