کراچی : سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان انتقال کرگئے، مرحوم گزشتہ طویل عرصے سے بیماری کے باعث اسپتال میں داخل تھے۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے ناظم اور جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما نعمت اللہ خان طویل علالت کے بعد 90 سال عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔
اس بات کی تصدیق جماعت اسلامی میڈیا سیل کی جانب سے بھی کردی گئی ہے، نعمت اللہ خان طویل عرصے سے علیل تھے، مرحوم نعمت اللہ خان نے بطور ناظم2002میں کراچی میں خدمات سر انجام دیں۔
وہ زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ رہے اور بعد ازاں جماعت اسلامی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی اور کراچی کے امیر کی حیثیت سے جماعت کی قیادت کی ، وہ جماعت اسلامی کی مرکزی شوری کے رکن بھی رہے۔
نعمت اللہ خان سال 2001 سے2005 پانچ تک کراچی کے ناظم رہے، اپنے دور نظامت میں انہوں نے کراچی کی ترقی کیلئے کئی اہم اور بڑے منصوبے مکمل کیے ۔
یاد رہے کہ سابق سٹی ناظم کی درخواست پر کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع ہوا، نعمت اللہ خان نے2010 میں کراچی کے پارکس پر قبضوں کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔
سپریم کورٹ میں سماعت کے موقع پر طبیعت کی ناسازی کے باعث وہ پیش نہیں ہوا کرتے تھے، کے سی آر، غیر قانونی سوسائٹی، کثیر المنزلہ عمارتوں سمیت مسائل ان کی درخواست پر ہی اجاگر ہوئے۔
نعمت اللہ خان کے دور کو کراچی کی ترقی کا سنہری دور قرار دیا جاتا ہے، مرحوم کے دور میں کراچی کے شہریوں کے لئے لائبریریوں کا قیام، مختلف علاقوں میں پارکس اور کھیلوں کے میدان تعمیر ہوئے تھے۔
کراچی میں سڑکوں، پلوں اور انڈر پاسز کا جال بجھانے کے لیے بھی نعمت اللہ خان کا نام آتا ہے، اُن کے شروع کیے گئے منصوبوں کو بعدازاں سابق ناظم مصطفیٰ کمال نے مکمل کرایا۔
نعمت اللہ خان یکم اکتوبر 1930 کو اجمیر میں پیدا ہوئے اور انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے جرنلزم میں ماسٹرز کیا جبکہ کراچی یونیورسٹی سے لاء کی ڈگری حاصل کی، وہ پیشہ کے لحاظ سے وکیل تھے جبکہ اس کے علاوہ وہ پاکستان کی بڑی این جی او الخدمت فاؤنڈیشن کے چیئرمین بھی رہے۔