لاہور: وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ بھارت کی صورت حال عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت سے امریکی وزارت خارجہ کے مشیر ناکس تھیمز نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں مذہبی آزادی اور اقلیتوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح کی مذہبی آزادی حاصل ہے، آئین کسی کے عقائدکی توہین یا تضحیک کی اجازت نہیں دیتا۔
صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ توہین آمیز مواد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمسایہ ملک میں اقلیتوں سے امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے، بھارت کی صورت حال عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
نفرت پھیلانے والوں کو گرفتار کیا جائے، وزیراعلیٰ نئی دہلی کیجریوال
بھارتی دارالحکومت میں فسادات پھوٹنے کے بعد نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ نفرت پھیلانے والوں کو گرفتار کیا جائے۔
واضح رہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف احتجاج کے دوران ہونے والے فسادات میں ہلاکتوں کی تعداد 34 ہوگئی ہے۔