تازہ ترین

امریکہ طالبان معاہدہ : پاکستان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اشرف غنی

کابل : افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ پاکستان اور دیگر برادر ملکوں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، افغانستان کےعوام نے امن کیلئے بےپناہ قربانیاں دی ہیں۔

یہ بات انہوں نے کابل میں مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر امریکی وزیردفاع، چیف ایگزیکٹیو افغانستان، سیکرٹری جنرل نیٹو بھی موجود تھے۔

افغان صدر نے کہا کہ افغانستان میں پائیدارامن کیلئے اہم معاہدہ ہوگیا ہے، معاہدے میں اہم کردار ادا کرنے پرامریکی وزیردفاع کا شکر گزار ہوں، تمام فریقین امن معاہدے کی پاسداری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دیگربرادر ملکوں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،افغانستان کے عوام نے امن کیلئے بےپناہ قربانیاں دی ہیں، نائن الیون کے بعد دہشت گردی کیخلاف نبرد آزما ہیں، ہم نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ افغانستان کے حال اور مستقبل کے لیے بھی اہم ہے، ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں پائیدارامن ہو تاکہ ہم آگے بڑھ سکیں، افغانستان کی موجودہ نسل نے آنے والے مستقبل کیلئے قربانیاں دیں۔

افغان صدر کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے افغانستان کے ایک کروڑ افراد نے نقل مکانی کی مشقتیں برداشت کیں۔ افغان فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتےہیں، افغانستان کے سول اداروں کی طاقت میں اضافہ ہورہا ہے۔

Comments

- Advertisement -