کراچی: سابق کرکٹر باسط علی نے لاہور قلندرز کو شکستوں کے بھنور سے نکلنے کے لیے نام بدلنے کا مشورہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق کرکٹر باسط علی نے یو ٹیوب ویڈیو میں کہا کہ لاہور قلندرز کو شکستوں سے جان چھڑانے کے لیے ٹیم کا نام بدل لینا چاہئے۔
انہوں نے لاہور کی ٹیم میں ’قلندرز‘ کا نام ہٹا کر ’بادشاہ‘ رکھنے کی تجویز بھی دے، باسط علی نے کہا کہ دنیا کی کوئی فرنچائز تبدیلی کرتی ہے اور نیا سیٹ اپ رکھتی ہے، افسوس ہوتا ہے اتنا بڑا شہر ہے لیکن پرفارمنس اچھی نہیں ہے جس کی بدولت قلندرز کے مداح مایوس ہیں۔
باسط علی نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ان فٹ ہوگئے لیکن یہ کسی کے ہاتھ میں نہیں ہے کوئی بھی پریکٹس کرتے ہوئے ان فٹ ہوسکتا ہے، سلمان بٹ ٹیسٹ میچ کا پلیئر ہے اس کو فخر زمان کی جگہ کھلادیا گیا، ایک نیا میڈیم پیسر کھلانے سے بھی لاہور قلندرز کو نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بڑی ٹیم کو شکست دینے کے بعد ٹیم میں اچانک تین تبدیلیاں کردینا سمجھ سے بالاتر ہے، اب لاہور قلندرز کی ٹیم کی ایونٹ میں واپسی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔
باسط علی نے کہا کہ عاقب جاوید اور فواد رانا کو چاہئے ایسے لوگوں کو رکھیں جنہیں تجربہ ہو اور جسے سب جانتے ہوں کہ کس پلیئر سے کیا کام لینا ہے، کرس لین اور سمیت پٹیل کو سمجھانے والا کوئی نہیں ہے۔
سابق کرکٹر کا کہنا ہے کہ ان کو بتانا چاہئے کہ کون سے پلیئر ہمیں لینے ہیں اور کون سے نہیں لینے اسی طرح شین واٹسن کے لیے مجھے لگتا ہے کہ وہ مینجمنٹ میں ہوں گے ورنہ پی ایس ایل میں یہ سال ان کا آخری ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو پی ایس ایل کی سب سے بڑی شکست دی تھی، قلندرز کی ٹیم 71 رنز کے بھاری مارجن سے ہار گئی تھی۔