اشتہار

بغاوت کاالزام ، سعودی عرب میں مزید20 شہزادےگرفتار، عرب میڈیا کا دعویٰ

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض : عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی حکومت نے مزید 20 شہزادوں کوگرفتار کرلیا ہے، گرفتار افراد پر بغاوت کےلیے امریکیوں سمیت دیگر بیرونی قوتوں سے رابطوں کا الزام ہے۔

تفصیلات کے مطابق عرب میڈیا نے سعودی عرب میں مزید بیس شہزادوں کی گرفتاری کا دعوی کیا ہے اور کہا فرمانروا شاہ سلمان نےگرفتاریوں کے وارنٹ پرخود دستخط کیے۔

عرب میڈیا نے غیرملکی خبرایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ بغاوت کی منصوبہ بندی کے الزام میں مزید بیس شہزادوں کوگرفتارکیا گیا ہے، اس سے قبل سعودی شاہی خاندان کے تین سینئراراکان کی گرفتاری کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

- Advertisement -

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ گرفتارافراد پربغاوت کے لئے بیرونی طاقتوں سے رابطوں کا الزام عائد کیا گیا ہے،گرفتارافراد میں فرمانروا شاہ سلمان کے بھائی شہزادہ احمد بن عبدالعزیزبھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں : سعودی حکومت کا بڑا کریک ڈاؤن ، شاہی خاندان کی تین اہم شخصیات زیرِحراست

یاد رہے دو روز قبل ہی سعودی حکومت نے ایکشن لیتے ہوئے شاہی خاندان کی تین اہم شخصیات کو گرفتار کیا تھا، امریکی میڈیا نے بتایا تھا کہ جمعے کو شاہی خاندان کے تین سینیئر اراکین کو حراست میں لیا گیا ، جن میں شاہ سلمان کے چھوٹے بھائی شہزادہ احمد بن عبدالعزیز، سابق ولی احد محمد بن نائف اور شاہی کزن شہزادہ نواف بن نائف شامل تھے۔

شاہی اراکین کو ان کے گھروں سے سعودی گارڈز نے حراست میں لیا تھا، اس بات کا انکشاف امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل نے اپنی اشاعت میں کیا، ذرائع کے حوالے سے وال اسٹریٹ جنرل نے بتایا تھا کہ حراست میں لیے گئے افراد میں 2 سینئر شہزادے بھی شامل ہیں۔

واضح رہے نومبر 2017 میں شاہ سلمان کے حکم پرانسداد بدعنوانی کمیٹی نے گیارہ شہزادوں، چار وزرا اور کئی سابق وزرا کو حراست میں لے لیا تھا، ان افراد پر کرپشن کا الزام تھا، گرفتار شہزادے اور دیگر اہم شخصیات کو ریاض کے فائیواسٹار ہوٹل کو سب جیل میں تبدیل کر کے قید کیا گیا تھا۔

امیر ترین شہزادے الولید بن طلال کی گرفتاری پر سعودی اسٹاک مارکیٹ میں منافع کی شرح1.5فیصد تک گرگئی تھی جبکہ شہزادہ الولید طلال کی کمپنی کے شیئر9.9 فیصد گرگئے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں