ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

حکومت گندم کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے،خسرو بختیار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ وتحقیق خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ حکومت گندم کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ وتحقیق خسرو بختیار کی زیرصدارت گندم کی جائزہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں گندم کی سپورٹ پرائس 1365روپے فی 40کلو کی سفارش کا فیصلہ کیا گیا۔ جائزہ کمیٹی نے ملک میں گندم کے ذخیرہ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں 2،235 ملین ٹن کا ذخیرہ موجود ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ 15 مارچ سے گندم کی خریداری کا عمل شروع کرےگا، پنجاب میں گندم کی اپریل میں خریداری شروع ہونے کا امکان ہے۔ اجلاس میں پنجاب سے ملحقہ اضلاع سے کے پی کو گندم خریداری کی اجازت دینے کی سفارش کی گئی۔

کمیٹی کا کہنا تھا کہ صوبے اور پاسکو 8.25 ملین ٹن گندم کی خریداری بروقت کریں، پولٹری سیکٹر کو فیڈ کے لیے گندم کی فراہمی پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مارچ کے آخر میں خراب موسم سےگندم کی فصل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

اس موقع پر خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ موسم کی صورت حال سے متعلق آگاہی مہم چلائی جائے، موسم کے حوالے سے کاشت کار بروقت حفاظتی اقدامات کرسکیں۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت گندم کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ، معیاری گندم کے تھیلے کا استعمال ٹرانسپورٹ میں گندم بچانے میں مددگار ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں