پیر محل : ڈرائیور کی غفلت کے باعث موٹر وے ایم تھری پر آئل ٹینکر الٹ گیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے حادثہ کو سیل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیر محل کے قریب موٹر وے ایم 3 پر 48 ہزار لیٹر آئل سے لدا ٹینکر ڈرائیور کی غفلت کے باعث الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور خالد مسعود اپنے ساتھی کے ہمراہ معمولی زخمی ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد کسی امکانی واقعے سے بچنے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے جائے حادثہ کو ٹریفک کے لیے بند کرنے کے ساتھ فائربریگیڈ کی گاڑیاں بھی بلالی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹینکر کو سیدھا کرنے یا تیل کو کسی دوسرے ٹینکر میں منتقل کرنے کے لیے تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکر کراچی سے صوبہ پنجاب کے شہر شیخوپورہ جارہا تھا کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگیا۔
بہاولپور: آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے 140 افراد جاں بحق
یاد رہے کہ سنہ 2017 میں عید الفطر سے ایک روز قبل 25 جون کو صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپورمیں احمد پور شرقیہ کے نزدیک قومی شاہراہ پر تیل لے جانے والا ٹرک الٹ گیا تھا۔
ٹرک سے بڑی مقدار میں تیل بہنا شروع ہوگیا جس کے بعد قریبی آبادی موقع پر جمع ہوگئی اور تیل برتنوں میں بھر کر لے جانے لگی۔
اسی دوران اچانک ٹینکر میں دھماکہ ہوا جس کے بعد وہاں تیل جمع کرتے سینکڑوں افراد لمحوں میں آگ کی زد میں آگئے۔ حادثے میں ٹرک ڈرائیور سمیت ڈیڑھ سو سے زائد افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔