لزبن : معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ٹیم ممبر ڈینیئل رگانی میں مہلک وائرس کرونا کی تشخیص کے بعد خود کو گھر میں محصور کرلیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پرتگالی اسٹار رونالڈو اپنی والدہ کی عیادت کےلیے اپنے آبائی وطن پہنچے تھے، جنہیں فالج کا اٹیک ہوا تھا۔ رونالڈو اپنی والدہ سے ملاقات کے بعد شمالی اٹلی کے لیے روانہ ہونا چاہتے جہاں یہ وبا سب سے زیادہ پھیلی ہوئی ہے کہ اچانک انہیں ٹیم ممبر ڈینیئل رگانی کے کرونا میں مبتلا ہونے کی خبر ملی۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ رونالڈو اور ہلاکت خیز وائرس سے متاثرہ فٹبالر ڈینیئل نے اتوار کے روز کھیلے گئے انٹرمیلان میچ کے دوران ایک ہی ڈریسنگ روم کا استعمال کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جوینٹس فٹبال کلب کے میچ جیتنے کے بعد متاثرہ فٹبالر ڈینیئل اور رونالڈو پوری ٹیم کے ساتھ مل کر جیت کا جشن منارہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دوران فٹبال ٹیم سمیت جتنے بھی افراد نے ڈینیئل رگانی سے رابطہ رکھا ہے ان سب کو قرنطینہ (الگ تھلگ رہنے) میں رہنے کی ضرورت ہے۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اٹلی نے کھیلوں کے تمام مقابلے منسوخ کردئیے تھے لیکن جوینٹس کو منگل کے روز چمپینز لیگ کے دوران لیون کلب سے ٹکرانا تھا، لیکن اب میچ کے منسوخ ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ ڈینیئل رگانی دوسرے فٹبالر ہیں جنہیں کرونا وائرس میں مبتلا پایا گیا ہے، ان سے قبل جرمن فٹبال ٹیم کے کھلاڑی ٹیمو ہوبر میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جو اس وقت قرنطینہ میں ہیں۔