اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں، کچھ دنوں کیلئے کابل میں سفارتخانے کے کونسلرسیکشن کو بند کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن کاآج 221 ویں روزہے، وادی میں مزید 4 کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی طور پر متنازع علاقہ ہے، اقوام متحدہ سلامتی کونسل بار ہا متنازع خطہ قراردےچکی ہے۔
نئی دہلی میں مسلم کش فسادات کے حوالے سے عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتیں بالخصوص مسلمانوں کیخلاف مظالم جاری ہیں،بھارت میں 54 مسلمانوں کا حالیہ ہنگاموں میں قتل کیا گیا ، کسی بی جے پی رہنما یا کارکن نےمسلمانوں پرمظالم پرافسوس نہیں کیا ، ترک صدر،ایرانی سپریم رہنمانےبھی مذمتی بیانات جاری کئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ تفتان سرحدپرزائرین کی اسکریننگ کیلئےہرممکن اقدامات اٹھارہے ہیں، وزارت صحت نےاداروں،صوبائی حکومت کی مدد سے قرنطینہ سہولت فراہم کی ، سعودی عرب سے پاکستانیوں کے اقامہ وملازمتوں کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چند ماہ میں انسانی حقوق میں بہتری کےاقدامات کئے ہیں، پاکستان کروناوائرس کے حوالے سے گہری نگاہ رکھے ہوئےہیں، ہم نے خطے کے بعض ممالک کی جانب سے ویزا معطلی کے اقدامات دیکھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تفتان سرحد ایران سے واپس آنیوالےزائرین کی بڑی تعداداستعمال کرتی ہے، بلوچستان حکومت اور وزارت صحت و دیگر ادارے سلامتی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان الیکشن کمیشن نے اشرف غنی کی کامیابی کا اعلان کیا ہے ، پاکستان افغان صدر اشرف غنی کی حمایت کرتا ہے ، وزیراعظم نے اشرف غنی کو مبارکباد بھی دی ہے۔
امن معاہدے سے متعلق انھوں نے کہا کہ افغان طالبان،امریکامیں امن معاہدہ اہم پیشرفت ہے ،امید رکھتے ہیں انٹرا افغان مذاکرات شروع ہوں ،افغانستان کے عوام کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کےامن کیلئے سہولت کاری کا کردار ادا کر رہا ہے ،دیگرممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنا پاکستان کی پالیسی ہے۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ 16 اور 17 مارچ کو سائنس نمائش کا اہتمام کیا جا رہا ہے ، نمائش کا مقصد سائنس اور دورِ جدید کے تقاضوں سے آگاہی ہے ، نمائش کا اہتمام پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں کیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ او آئی سی سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا ،او سی آئی کے کشمیر پر کردار کے حوالے سے کوئی مبالغہ نہیں ہونا چاہیے۔
کرونا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس اب دنیا کے کئی ممالک میں پھیل چکا ہے ، ہر ملک اپنے شہریوں، تارکین وطن کی حفاظت کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ، پاکستان میں بھی اس حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں، کچھ دنوں کیلئے کابل میں سفارتخانے کے کونسلر سیکشن کو بند کیاگیا ہے۔