کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں میلے، درگاہیں، شادی ہالوں کو بند کرنے کی ہدایت جاری کردی، مدارس میں بھی بچوں کی پڑھائی کو عارضی طور پر بند کرنے کے احکامات دے دیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو رضاکارانہ رجسٹر یشن کی ہدایت دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ابھی تک صورتحال کنٹرول میں ہے، ہمیں ہر طرح کی صورتحال کو سنبھالنے کے لیے تیار رہنا ہے ۔
اجلاس سے خطاب میں مراد علی شاہ نے متعلقہ افسران کو صوبہ بھر میں میلے، درگاہیں اور شادی ہالوں کو بند کرنے کے احکامات دیتے ہوئے چیف سیکریٹری کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت دی۔
اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو نیشنل انسٹیٹیوٹ مینجمنٹ بند کرنے کے لیے ہدایت جاری کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے تمام صوبائی وزرا کو تقریبات میں جانے سے منع کردیا انہوں نے مدارس میں بھی بچوں کی پڑھائی کو عارضی طور پر بند کرنے کی ہدایت دی۔