جمعہ, جنوری 24, 2025
اشتہار

ماسک کے پیچھے چھپی چینی ڈاکٹرز کی مسکراہٹ نے امید کی کرن جگا دی

اشتہار

حیرت انگیز

بیجنگ: دنیا بھر میں اپنی تباہ کاریاں پھیلانے والے کرونا وائرس کو چین نے بالآخر شکست دے دی، وائرس سے نمٹنے کے لیے ووہان میں بنایا گیا آخری عارضی اسپتال بھی بند کردیا گیا جس کے بعد چینی ڈاکٹرز نے چہرے سے ماسک ہٹا کر عظیم کامیابی کا جشن منایا۔

کرونا وائرس کا آغاز چینی شہر ووہان سے ہوا تھا اور یہی شہر اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر تھا۔ وائرس سے نمٹنے کے لیے ووہان میں 10 دن کی ریکارڈ مدت میں عارضی اسپتال بھی تعمیر کیے گئے تھے۔

دسمبر سے ہزاروں افراد کو اپنا شکار بنانے کے بعد اس وائرس کی شدت کم ہوتی گئی جس کے بعد بتدریج عارضی اسپتال بھی بند کیے جاتے رہے۔

- Advertisement -

اب ووہان کا آخری (کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے) عارضی اسپتال بھی بند کردیا گیا جس کے بعد چینی ڈاکٹرز اور نرسوں نے اپنے چہرے سے ماسک ہٹا کر اور مسکرا کر پوری دنیا کو اپنے پہاڑ جیسے حوصلے کا ثبوت دے دیا۔

ہر وقت چہرے پر ماسک لگائے اور اپنے آپ کو حفاظتی لباس میں چھپائے یہ چینی ڈاکٹرز کئی ماہ سے دن رات کام کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ چین میں اس جان لیوا وائرس نے 80 ہزار 824 افراد کو متاثر کیا، ان میں سے 3 ہزار 189 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 65 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے۔

تاہم چین کے علاوہ دیگر ممالک میں کرونا وائرس تاحال بے قابو ہے اور اس میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

چین سمیت دنیا بھر میں اب تک 5 ہزار 542 افراد موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 47 ہزار 802 ہوچکی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں