اتوار, ستمبر 29, 2024
اشتہار

کرونا وائرس: فرانس میں ریستوران اور دکانیں بند کرنے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

پیرس: فرانس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت ریستوران اور دکانیں بند کرنے کا اعلان کردیا گیا، فرانس میں اسکول پہلے ہی بند کیے جاچکے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے وزیر اعظم ایڈورڈ فلپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے فرانس میں کیفے، ریستوران، سنیما، نائٹ کلبز اور دکانیں بند کی جارہی ہیں۔

فرانس میں اب تک کرونا وائرس کے 4 ہزار 500 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے اور 91 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

- Advertisement -

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لوگوں کی بڑی تعداد اب بھی گھروں سے باہر نکل رہی ہے لہٰذا مجبوراً یہ قدم اٹھانا پڑا، اس دوران فوڈ اسٹورز، فارمیسی اور پیٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ فعال رہے گی تاہم دفاتر کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے گھر سے کام کرنے کے سسٹم کو جلد سے جلد وضع کریں۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ اتوار کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات معمول کے مطابق ہوں گے تاہم اس دوران سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔

فرانس میں پہلے ہی اسکول بند کیے جا چکے ہیں اور 70 سال سے زائد افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، اب دیگر افراد کو بھی بلا ضرورت باہر نہ نکلنے اور گھروں میں رہنے کی تاکید کردی گئی ہے۔

فرانس کا پڑوسی ملک اٹلی اس وقت یورپ کا کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 14 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 5 ہزار 835 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 1 لاکھ 56 ہزار 533 ہوگئی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں