اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

کرونا وائرس، اٹلی اور اسپین میں ریکارڈ ہلاکتیں، دنیا بھر میں‌ 6 ہزار سے زائد اموات

اشتہار

حیرت انگیز

روم / میڈریڈ / لندن: اٹلی، اسپین اور لندن میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا جس کے بعد دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی میں کرونا وائرس سے مزید 368 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 441 تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں مزید ساڑھے 3 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے، جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 24 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی۔

اٹلی کے علاقے لومبارڈے اور میلان کو وبا کا مرکز قرار دیا جارہا ہے جہاں1500 کے قریب  افراد کرونا سے ہلاک ہوئے ہیں۔

خطرناک کورونا وائرس کی وجہ سے حکومت نے اٹلی کے 14 صوبوں کی ڈیڑھ کروڑ سے زائد آبادی کو لاک ڈاؤن کر دیا ہے جس کے بعد اٹلی کی سڑکیں اور سیاحتی مقامات ویران پڑے ہیں۔

اسپین میں لاک ڈاؤن

دوسری جانب اٹلی کے بعد اسپین میں بھی کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے، آج 100 مریض دورانِ علاج موت کا شکار ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 290 سے تجاوز کرگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 7 ہزار کے قریب پہنچ چکی۔

اسپین کی حکومت نے شہر کو دو ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کرنے کے احکامات جاری کردیے جس کے بعد یہ یورپ کا دوسرا ملک بن گیا جہاں کرونا وائرس کی وبا بے قابو ہے۔

نیدرز لینڈ کی صورت حال

خبر ایجسنی کے مطابق نیدرلینڈز میں کروناکےنئے 176کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 1135 تک پہنچ گئی جبکہ یہاں 8 افراد ہلاک ہونے کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 20 کے قریب پہنچ گئی۔

آسٹریا میں پابندی

آسڑیا کی حکومت نے کرونا خطرے کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے اور  پانچ افراد سے زائد جمع ہونے پر پابندی عائد کردی۔

برطانیہ: ہلاکتوں میں اضافہ

برطانوی محکمہ صحت کے مطابق برطانیہ میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 35 تک پہنچ گئی جبکہ حکومت نے 70 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو آئسولیشن وارڈ میں رکھنے کا فیصلہ کرلیا، برطانیہ میں آج کرونا سے 14 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 1372 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور چالیس ہزار سے زائد شہریوں کے ٹیسٹ کیے گئے۔

مجموعی صورت حال

دنیا بھر میں پندرہ مارچ تک کرونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد اضافے کے بعد 6 ہزار 485 تک پہنچ گئی جبکہ 1 لاکھ 67 ہزار 824 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 76 ہزار 598 مریض صحت یاب بھی ہوئے۔

سب سے زیادہ اموات چین میں ہوئیں جہاں 3085 افراد ہلاک ہوئے، اٹلی میں 1441 ، ایران میں 724، اسپین میں 289، فرانس میں 91، جنوبی کوریا میں 75، امریکا میں چالیس، برطانیہ 35، جاپان 22 افراد دوران علاج دم توڑ گئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں