لاہور : پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے سیمی فائنلز میں کل ملتان سلطانز اور پشاور زلمی مد مقابل جبکہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہوگئی، ناک آؤٹ مرحلہ کل سے لاہور میں منعقد ہوگا۔
پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنل میچز کل لاہور میں کھیلے جائیں گے، پہلے سیمی فائنل میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کا مقابلہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دوپہر دو بجے ہوگا۔ دوسرا سیمی فائنل روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان شام سات بجے شروع ہوگا۔
پہلے سیمی فائنل میں ملتان سلطانز اور دو مرتبہ کی فائنلسٹ پشاور زلمی کا ٹکراؤ ہوگا، ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹرافی پر نظریں جمالیں، وہاب ریاض بھی تیسری بار پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے کیلئے پرعزم ہیں، دونوں ٹیمیں کل دو پہر دو بجے مدمقابل آئیں گی۔
پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے دوسرے سیمی فائنل میں روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا مقابلہ ہوگا، دونوں ٹیمیں پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے میں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی، سنسنی سے بھرپور سیمی فائنل کل شام سات بجے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔