اسلام آباد : مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ایکنک کے اجلاس میں 6 ترقیاتی منصوبوں سمیت کرتار پور راہداری منصوبے کے اخراجات کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا، ایکنک نے 6ترقیاتی منصوبوں سمیت کرتار پور راہداری منصوبے کے اخراجات کی منظوری دے دی، کرتارپورمنصوبے پر 15ارب54کروڑروپےسےزائدلاگت آئی۔
ایکنک نےایف بی آرمیں اصلاحات کے منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے کہا پاکستان ریونیو پراجیکٹ پر 40 کروڑ ڈالر لاگت آئےگی، پراجیکٹ عالمی بینک کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔
ایکنک اجلاس میں فیصل آباد واٹر مینجمنٹ پلانٹ، لاہور ویسٹ واٹر مینجمنٹ منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔
خیال رہے گذشتہ سال9 نومبر کو وزیر اعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح کیا تھا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ راہداری کھولنے کی مجھے بہت خوشی ہوئی، اندازہ نہیں تھا کرتارپورکی سکھ کمیونٹی میں کیا اہمیت تھی، کرتارپور سے متعلق ایک سال پہلے پتہ چلا اس کی کیا اہمیت ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ، اقوام متحدہ اورعالمی میڈیا کی جانب سے کرتارپور راہداری کھولنے کا خیرمقدم کیا گیا تھا۔