اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں کرونا وائرس کے پیش نظر معاشی صورتحال زیر غور آئی، وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ ملک میں کہیں بھی ذخیرہ اندوزی نہ ہونے دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کرونا وائرس کے پیش نظر ملکی معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اشیائے ضروریہ سے متعلق وزارت فوڈ اینڈ سیکورٹی کی جانب سے بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ ملک میں کہیں بھی ذخیرہ اندوزی نہ ہونے دی جائے، یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ وافر مقدار میں مہیا کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام خوراک اور دیگر اشیا سے متعلق پریشان نہ ہوں، صورتحال ایسی نہیں کہ ملک میں کہیں بھی خوراک کی قلت ہو۔
وزیر اعظم نے ملک میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ وسائل کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس کے 94 مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے جن کی بڑی تعداد سندھ میں موجود ہے۔