بیجنگ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کرونا ٹیسٹنگ کٹس سے متعلق چین نے معاونت کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیجنگ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ چین کا مقصدچینی قیادت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے عزم وہمت کے ساتھ کرونا وائرس کا مقابلہ کیا، آج پوری دنیاچینی حکومت کے اقدامات کی پیروی کر رہی ہے، خواہش تھی چینی بھائیوں کے عزم وہمت کی داد دی جائے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، چین کے ساتھ علاقائی صورتحال،افغان امن پرتبادلہ خیال ہوگا، کشمیر کی صورتحال سمیت متعدد امور پر بات چیت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چینی صدر وزیر اعظم اور دیگر قیادت کے ساتھ ملاقاتیں ہوں گی، مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین نے پاکستانی طلبہ کا خیال رکھا اور بھرپور معاونت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا ٹیسٹنگ کٹس سے متعلق بھی چین نے معاونت کی۔
انہوں نے کہا کہ راہداری منصوبوں کی تکمیل کے لیے دونوں ممالک کی قیادت پرعزم ہے، مختصر وقت کے لیے وقفہ ضرور آیاہے لیکن منصوبے جلد مکمل ہوں گے۔
افغانستان سے متعلق شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قیام امن کے لیے سیاسی حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔