اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے 14 مراکز قائم کردئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے 14 مراکز قائم کردئیے گئے ہیں، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ان مراکز پر مفت ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
مراکز میں قومی ادارہ صحت اسلام آباد، آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف پیتھالوجی راولپنڈی شامل ہیں، لاہور میں پنجاب ایڈز لیب اور شوکت خانم اسپتال میں ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے۔
کراچی میں آغا خان اسپتال، سول اسپتال، اوجھا انسٹی ٹیوٹ، انڈس اسپتال شامل ہیں، نشتر میڈیکل کالج ملتان، پبلک ہیلتھ لیبارٹری، خیبر میڈیکل یونیورسٹی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: کرونا وائرس سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر قوم کو آگاہ کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت
فاطمہ جناح اسپتال کوئٹہ، موبائل ڈائیگنوسٹک یونٹ تفتان میں بھی ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے، مراکز میں عباس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز مظفرآباد، ڈی ایچ کیو اسپتال گلگت شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 146 ہوگئی جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی تعداد 179 ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر قوم کو آگاہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ خطرے سے آگاہ ہیں مگر ایسے فیصلے نہ کریں جس سے خوف پیدا ہو۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاق اورصوبےمکمل ہم آہنگی کے ساتھ صورتحال سےنمٹ رہےہیں، ہر شعبےسے تعلق رکھنے والے لوگ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور معاون خصوصی ظفرمرزاہر روز شام 5 بجے صورتحال سے آگاہ کریں گے۔