تازہ ترین

امریکی صدر نے ملک میں جنگی حالات کے نفاذ کا اعلان کر دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں جنگی حالات کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز کرونا وائرس ٹاسک فورس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک میں جنگی حالات کے نفاذ کا اعلان کیا، انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف لڑائی کو جنگ کے طور پر لے رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے امریکا میں سیاسی پناہ کے خواہش مندوں کے داخلے پر بھی پابندی لگا دی، فیڈرل ڈرگ اتھارٹی کو دواؤں کے لیے شرائط نرم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی، اسپتالوں کو کہا گیا ہے کہ مخصوص آپریشن اور ڈینٹل سرجریز معطل کی جائیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ متعلقہ حکام کو ہزاروں نئے وینٹی لیٹرز حاصل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے صدر ٹرمپ سے سوال کیا کہ آپ کرونا کو چائنا وائرس کیوں کہتے ہیں، امریکی صدر نے جواب دیا کہ یہ بیماری چین سے آئی ہے اس لیے۔

خیال رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، امریکا کی تمام 50 ریاستوں میں وائرس کے مریض سامنے آ گئے، ہلاکتوں کی تعداد 155 ہو گئی، امریکا، کینیڈا سرحد غیر ضروری سفر کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

ادھر پنٹاگون کے 89 ملازمین میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے، پنٹاگون نے 50 لاکھ ماسک فراہم کرنے کا اعلان کر دیا، وزیر دفاع مارک ایسپر کا کہنا تھا کہ پنٹاگون نے اسپتالوں کے لیے اضافی 2 ہزار وینٹی لیٹرز تیار کر لیے، اسپتالوں کی مدد کے لیے 2 میڈیکل جہاز بھی تیار کر لیے گئے ہیں۔

Comments

- Advertisement -