لاہور: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف فوری وطن واپس آرہے ہیں، وہ آج رات وطن واپس پہنچیں گے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی وطن واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج رات وطن واپس پہنچیں گے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف پی آئی اے کی پرواز 786 کے ذریعے اسلام آباد پہنچیں گے، وہ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 9 بجے لندن سے روانہ ہوں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا بیان
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا آج رات وطن واپس آنے کا فیصلہ
شہباز شریف آج رات اسلام آباد پہنچیں گے
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال کے پیش نظر شہباز شریف نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) March 21, 2020
شہباز شریف صبح 5 بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق ہر مسافر کی طرح شہباز شریف کو بھی کرونا ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
مریم اونگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی سرجری اگلے ہفتے ہونا طے ہے، کرونا وائرس کے خلاف کردار ادا کرنے کے لیے شہباز شریف وطن واپس آرہے ہیں، قوم مشکل میں ہے وہ اسی لیے واپس آرہے ہیں۔
مزید پڑھیں: کروناوائرس: شہباز شریف نے ملک میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کردیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے ساتھ ان کی صاحبزادی بھی پاکستان آرہی ہیں۔
یاد رہے کہ شہباز شریف اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کے لیے ان کے ہمراہ 19 نومبر کو لاہور سے لندن روانہ ہوئے تھے۔