کراچی: معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے مداحوں سے کہا ہے کہ وہ ان افراد کا خیال رکھیں جو اس لاک ڈاؤن میں مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں اور ایسے افراد کو تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں دے دیں۔
تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اگر آپ اس قابل ہیں کہ ایک ماہ اپنے کام کے بغیر (یا تنخواہ حاصل کیے بغیر) گزارہ کرسکتے ہیں یا آپ کے پاس طاقت یا سہولیات ہیں تو یہ جنگ کسی اور سے زیادہ آپ کی ہے۔
ماہرہ نے کہا کہ ہمیں ان افراد کا خیال رکھنا ہے جو ہماری پوزیشن پر نہیں ہیں۔ ہمیں ایسے لوگوں کو شعور دینا ہے۔
If you are educated, if you can survive a month without work or in a position of power/privilege then this battle is yours more than anyone else’s! We must take care of those who are not in our position – make them aware, give them paid leaves, make their life easy! #COVID2019
— Mahira Khan (@TheMahiraKhan) March 24, 2020
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے افراد کو تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں دے دیں اور ان کی زندگی آسان بنائیں۔
ماہرہ خان کا اشارہ گھروں میں کام کرنے والے ملازمین، ڈرائیورز، اور روزانہ اجرت کمانے والے ان افراد کی طرف ہے جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔
ایسے افراد کی مدد کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی پیکج کا اعلان بھی کیا ہے جبکہ ملک بھر میں فلاحی اداروں و مخیر حضرات کی بڑی تعداد غریب گھروں میں راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ پہنچا رہی ہے۔