اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے فراہم کردہ طبی سامان سے پاکستان کی طبی صلاحیت میں اضافہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے چینی سفیر یاؤجنگ نے ملاقات کی جس میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے دونوں ممالک کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی مدد کرنے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین کےفراہم کردہ طبی سامان سے پاکستان کی طبی صلاحیت میں اضافہ ہوا۔
دوسری جانب چینی سفیر نے پاکستان کی حمایت پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چینی قیادت ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھےگی، دونوں ممالک ترجیحی بنیادوں پر کرونا کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں گے۔
وزیراعظم کی کرونا کے خلاف تمام ملکی وسائل استعمال کرنےکی ہدایت
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے خلاف تمام ملکی وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ این ڈی ایم اے ملک کی ہر قسم کی پیداواری صلاحیت استعمال کرے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1179 تک جا پہنچی ہے ، سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے اب تک 9 افراد جاں بحق اور 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔