کراچی: سندھ پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دن کے دوران 1084 افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے باوجود شہریوں کی جانب سے باہر نکلنے پر پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 23 سے 26 مارچ تک 1084 افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 329 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب لاہور پولیس کے مطابق دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 252 موٹر سائیکلز، 523 رکشوں کے چالان کیے گئے، 3 بسوں، 14 کوچز، 7 ویگنوں اور 7 ٹیکسیوں کا بھی چالان کیا گیا۔
مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں پر کراچی پولیس کا کریک ڈاؤن، 712 شہری گرفتار، 215 مقدمات درج
لاہور پولیس نے 17 موٹر سائیکلز اور 185 رکشوں کو ضبط کرلیا، خلاف ورزی پر 168 موٹر سائیکلز اور 37 رکشہ مالکان سے حلف نامے لیے گئے ہیں، لاہور پولیس حکام کے مطابق آج مجموعی طور پر 6348 گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اشیائے خوردونوش کی دکانیں 12 گھنٹے بند رکھنے کا اعلان کیا اور دکانداروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ مقررہ 12 گھنٹوں یعنی صبح 8 سے رات 8 تک کاروبار کریں۔
خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں آج لاک ڈاؤن کا چوتھا روز ہے، حکومتی احکامات کی ہدایات کی روشنی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کی مختلف شاہراؤں پر ناکے لگائے ہوئے ہیں جہاں سڑک پر چلنے والے شہریوں کو روک کر اُن سے گھروں سے نکلنے کی وجوہات پوچھی جارہی ہیں۔