لندن: برطانوی وزیراعظم بورس جونسن نے مسلسل کروناوائرس کے مریضوں سے ہاتھ ملانے کا اعتراف کرلیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر کروناوائرس کے مریضوں سے ہاتھ ملانے کے باعث وبائی مرض برطانوی وزیراعظم میں منتقل ہوا، بورس جانسن نے مریضوں سے مصافحہ کرنے کا اعتراف کرلیا۔
انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ گزشتہ ہفتوں کروناوائرس کے مریضوں سے ملے اور مصافحہ بھی کیا۔ بورس جونسن کا کروناوائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے اب سیلف آئسولیشن اختیار کرلی ہے۔
مارچ میں اپنے ایک بیان میں برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہیں کروناوائرس کا خوف مریضوں سے ملنے اور مصافحہ کرنے سے نہیں روک سکتا۔ اسپتال کے دورہ کے موقع پر انہوں نے ہر ایک کرونامریض سے ہاتھ ملایا تھا۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی کورونا وائرس کا شکار
خیال رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں، جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے، بورس جانسن کا کہنا ہے کہ ویڈیو کانفرنس کےذریعے اپنی حکومتی ذمہ داری نبھاتا رہوں گا۔
یاد رہے برطانیہ میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 11,658 ہو گئی جبکہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 578 تک جا پہنچی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 113 ہلاکتیں ہوئیں۔ این ایچ ایس اب تک 104,866 افراد کے ٹیسٹ کر چکا ہے، جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2129 نئے کیسز سامنے آئے، طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں وائرس کا پھیلاؤ بڑے پیمانے پر بڑھے گا۔