کراچی: کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جہاں دنیا بھر میں مختلف سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، وہاں ایک پاکستانی ڈریس ڈیزائنر نے بھی مخصوص لباس تیار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشہور ڈریس ڈیزائنر عاصم جوفا نے کرونا وائرس سے بچنے کے لیے مخصوص لباس تیار کر لیا، ڈیزائنر کا اس لباس کے بارے میں کہنا ہے کہ یہ لباس ڈاکٹرز کی حفاظت کے پیش نظر ڈیزائن کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ تیار کردہ لباس ڈاکٹرز کی حفاظت کے لیے بہترین ہے، ہماری ٹیم نے اس کی تیاری پر بڑی محنت کی، ہم نے ایک مشن کے تحت یہ لباس تیار کیا ہے تاکہ ہماری حفاظت کے لیے جو ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ فرنٹ لائن پر لڑ رہا ہے، انھیں تحفظ فراہم ہو۔
گلگت بلتستان : کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والا پاکستانی ڈاکٹر چل بسا
عاصم جوفا کا کہنا تھا میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس مشن میں ہم کتنے کامیاب ہوں گے تاہم اپنی ٹیم سے میری بات ہوئی، وہ بہت پرعزم ہے اس سلسلے میں، حکام سے درخواست ہے کہ ہمیں سیلف پروٹیکشن لباس تیار کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ ہم اسے آگے لے کر چل سکیں۔
انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں مصروف ڈاکٹرز کو لباس مفت دینا چاہتے ہیں، آج پہلا سیمپل تیار کر لیا، کامیاب رہا، کل دوسرا سیمپل تیار کیا جائے گا، لباس کی تیاری میں تمام حفاظتی اصولوں کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس کی مہلک وبا کے دنوں میں دنیا بھر میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ نہایت جاں فشانی کے ساتھ انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں، پاکستان سمیت کئی ممالک میں ڈاکٹرز اور نرسز کو دوسروں کی جان بچاتے بچاتے اپنی جانیں بھی قربان کرنی پڑی ہیں۔