اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے ریاض اور جزان شہروں پر بیلسٹک حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دوست ملک سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب پر ہونے والے حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری آبادی پر حملےکی کوشش قابل مذمت ہے اور پاکستان سعودی عرب سےاظہاریکجہتی کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حملہ ناکام بنانے کے لیے سعودی دفاعی دستوں کی بروقت کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتےہیں۔
عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے اتوار کے روز جاری اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حوثی باغیوں نے ہفتے کی شب گیارہ بج کر 23 منٹ پر بیلسٹک میزائلوں کا حملہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی افواج کا بروقت ایکشن، حوثی باغیوں کا حملہ بری طرح سے ناکام
اُن کا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں نے میزائل ریاض اور جازان کی شہری آبادی کی طرف داغے تھے مگر سعودی فضائیہ نے انہیں کسی ہدف پر گرنے سے پہلے ناکارہ بنادیا۔
ترکی المالکی نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے سعودی عرب اور اُس کے شہریوں کو خوف زدہ نہیں کیا جاسکتا، یہ حملہ بین الاقوامی یکجہتی پر کیا گیا۔