کراچی: سندھ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 627، جب کہ پنجاب میں 658 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق سندھ میں 61 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 627 ہو گئی ہے، وائرس سے 7 مریض انتقال کر چکے ہیں جب کہ 42 مریض بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 294 ہو گئی ہے، حیدرآباد میں 14 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد تعداد 57 ہوگئی ہے، جامشورو میں 2 اور جیکب آباد میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ حیدرآباد میں کرونا متاثرین کو مکمل انتظامات کے ساتھ قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، جنھیں رپورٹ منفی آنے تک زیر علاج رکھا جائے گا، اب تک سندھ میں 41 کرونا متاثرہ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان: کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1865 ہو گئی، 25 جاں بحق
دوسری طرف محکمہ صحت پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 658 ہے، وائرس سے اموات کی تعداد 9 ہو چکی ہے، صوبے میں کرونا وائرس کے 8 مریض صحت یاب ہوئے، تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں رکھے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ڈی جی خان میں 207 زائرین، ملتان سے 89 زائرین زیر علاج ہیں، رائیونڈ کوارنٹین میں 27، فیصل آباد کوارنٹین میں 5 کرونا مریض ہیں۔
خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1865 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 25 تک پہنچ گئیں۔