کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل سے ٹیکسٹائل اور ڈیزائننگ صنعت کے 4 رکنی وفد نے اہم ملاقات کی۔ اس دوران حفاظتی لباس کی تیاری اور ٹائیگر فورس کی ضروریات سے متعلق بات چیت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ٹائیگر ریلیف فورس میں بڑی تعداد میں نوجوان رجسٹریشن کروا رہے ہیں جس کے پیش نظر فورس کے لباس کی تیاری سے متعلق گورنر سندھ نے ٹیکسٹائل اور ڈیزائننگ صنعت کے سرمایہ کاروں سے اہم ملاقات کی۔
4 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران درآمدی سازو سامان پر انحصار کم کرنے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ طبی عملے اور رضا کاروں کے لیے حفاظتی لباس کی دستیابی نہایت اہم ہے، حفاظتی سازوسامان کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز
خیال رہے کہ وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ، رجسٹریشن پاکستان سیٹیزن پورٹل پراوپن کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم آفس میں کنٹرول روم قائم اور مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے وزیراعظم آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اورخود کو بھی ٹائیگر فورس میں رجسٹرکرا یا۔ رجسٹریشن کا آغاز ہوتے ہی 90 نوجوان ٹائیگرز پروگرام میں رجسٹرڈ ہوگئے۔